پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں سے ملاقات کے لیے موبائل ایپ متعارف

 پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں سے ملاقات کے لیے موبائل ایپ متعارف

ویب ڈیسک: راولپنڈی اڈیالہ جیل سمیت پنجاب کی تمام جیلوں میں قیدیوں سے ملاقات کے لیے ایک جدید موبائل ایپ متعارف کروا دی گئی ہے۔

 اس ایپ کے ذریعے قیدیوں اور حوالاتیوں سے ملاقات کے لیے ایڈوانس بکنگ کروائی جا سکتی ہے، جس سے ملاقات کے عمل کو زیادہ منظم اور آسان بنایا جا رہا ہے۔ایپ کو گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے، اور اسے استعمال کرنے کے لیے پنجاب بھر کے جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔ ہر جیل کے انچارج کو خصوصی تربیت بھی فراہم کی گئی ہے، جس میں پی ایم آئی ایس (پریزنرز منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم) کے تحت عملے کو ہدایات دی گئی ہیں۔ تربیت کے علاوہ، آپریشنل ویڈیوز بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ عملہ ایپ کے استعمال میں ماہر ہو سکے۔

مزید برآں، آن لائن بکنگ کے لیے جیل کے ویٹنگ شیڈ میں عملے کو تعینات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، تاکہ ملاقات کے وقت اور تاریخ کی پیشگی بکنگ ممکن ہو سکے۔ آنے والے ملاقاتیوں کے لیے سہولت کاؤنٹر بھی قائم کیا جائے گا تاکہ ملاقات کا عمل مزید موثر اور سہولت بخش بنایا جا سکے۔