مضرِ صحت کھانے سے باپ دو بیٹیوں سمیت جاں بحق

 گا  ئوں بنگل خان کیسکندر،فرزانہ،عرفانہ نے نواب شاہ ہسپتال میں دم توڑ دیا
نوشہروفیروز (خصوصی رپورٹ)دریائے سندھ کے کچے کے نواحی علاقے گا  ئوں بنگل خان بردی میں مبینہ مضرِ صحت کھانا کھانے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق ہوگئے، جن میں باپ اور اس کی دو کمسن بیٹیاں شامل ہیں۔ ایک ہی گھر سے تین جنازے اٹھنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا اور پورا گا  ئوں سوگوار ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق گا  ئوں بنگل خان بردی میں مبینہ طور پر مضرِ صحت کھانا کھانے سے سکندر علی بردی اور ان کی دو بیٹیوں فرزانہ اور عرفانہ کی حالت اچانک غیر ہوگئی۔ اہلِ خانہ نے تینوں کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں مزید علاج کے لیے نواب شاہ منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔تینوں جاں بحق افراد کی لاشیں ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں۔ ایک ہی خاندان کے تین افراد کی اچانک ہلاکت سے گھر میں صفِ ماتم بچھ گئی، اموات کی اصل وجہ طبی معائنے اور متعلقہ حکام کی تحقیقات کے بعد ہی واضح ہوسکے گی۔