باغبانپورہ میں 54 ہزار بل تنازعہ کے بعد درجنوں مزید جعلی میٹرز بے نقاب
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)باغبانپورہ سب ڈویژن میں 54 ہزار روپے کے جعلی بل سے شروع ہونے والا معاملہ بڑے سکینڈل میں تبدیل ہو گیا۔ خبر منظرِ عام پر آنے کے بعد علاقے میں مزید جعلی میٹرز کی موجودگی کا بھی انکشاف ہوا ہیجبکہ متعلقہ لیسکو حکام اپنی نااہلی چھپانے کیلئے اس سنگین صورتحال سے اعلیٰ انتظامیہ کو اندھیرے میں رکھے ہوئے ہیں۔ باغبانپورہ کے رہائشی ایاز کے مکان پر سابق کرایہ داروں کی جانب سے جعلی دستاویزات پرکمرشل میٹر لگوانے اور 54 ہزار کا بل بھجوانے کی خبر سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مزید درخواستیں سامنے آنے لگی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سب ڈویڑن کی حدود میں مبینہ طور پر لیسکو ملازمین کی ملی بھگت سے درجنوں دیگر جعلی میٹرز بھی نصب کیے گئے ہیں جنکے ذریعے صارفین کو بھاری مالی نقصان اور بجلی چوری کا سامنا ہے۔ ایک ماہ گزرنے اور نئے انکشافات سامنے آنے کے باوجود متعلقہ لیسکو حکام نے معاملے کی حقائق پر مبنی رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال نہیں کی بلکہ انکوائری کو التوا میں ڈال کر معاملے پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ متاثرہ شہریوں نے چیئرمین نیب، وفاقی وزیر توانائی اور لیسکو چیف سے فوری نوٹس لینے اور ملوث ملازمین کیخلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔