صارفین نیٹ میٹرنگ سے 1900 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ کو دے رہے
متبادل توانائی کے استعمال سے قومی بجلی نظام کو استحکام مل رہا :رمضان بٹ
لاہور (کرائم رپورٹر)لیسکو میں نیٹ میٹرنگ کنکشنز کی تعداد ایک لاکھ 29 ہزار 979 تک پہنچ گئی، نیٹ میٹرنگ کے ذریعے لیسکو صارفین 1900 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ کو منتقل کر رہے ہیں۔لیسکو کی موسمِ سرما میں بجلی کی طلب 1950 میگاواٹ سے زائد ہیتاہم نیٹ میٹرنگ کے باعث لیسکو کے بجلی نظام پر دبائو میں واضح کمی ہوگئی۔ لیسکو نے نیٹ میٹرنگ اور دیگر بجلی کنکشنز کے اعداد و شمار جاری کر دیئے ہیں جس کے مطابق لیسکو نے جولائی تا دسمبر مجموعی طور پر ایک لاکھ 24 ہزار 437 نئے بجلی کے کنکشنز فراہم کئے،ان میں ایک لاکھ 19 ہزار 511 گھریلو کنکشنز اور 4 ہزار 224 کمرشل کنکشنز شامل ہیں، صنعتی شعبے کو 605 نئے کنکشنز جبکہ 92 ٹیوب ویل کنکشنز بھی فراہم کئے گئے۔ چیف ایگزیکٹولیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کا کہنا ہے کہ نیٹ میٹرنگ صاف اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ میں اہم سنگِ میل ہے ، صارفین کو شفاف، بروقت اور قابلِ اعتماد بجلی کی فراہمی اولین ترجیح ہے ،متبادل توانائی کے استعمال سے قومی بجلی نظام کو استحکام مل رہا ہے۔