ہربنس پورہ میں حادثہ ،ریسکیو غوطہ خور ٹیم نے سرچ آپریشن کے بعد 15 سالہ علی مقصود کی لاش نکال لی
لاہور (کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت کے علاقے ہربنس پورہ میں تالاب میں نہاتے ہوئے 15 سالہ لڑکا ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی غوطہ خور ٹیم نے موقع پر پہنچ کر سرچ آپریشن شروع کیا اور بچے کی لاش تالاب سے باہر نکال لی۔ جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت 15 سالہ علی مقصود کے نام سے ہوئی ۔ہربنس پورہ کا رہائشی علی مقصود گرمی کی شدت سے بچنے کیلئے تالاب میں نہا رہا تھا کہ اس دوران اچانک گہرے پانی میں چلے جانے سے ڈوب گیا۔ وہاں موجود افراد نے فوری ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔ریسکیو حکام کے مطابق ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاش کو غمزدہ لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔ دریں اثناشادمان کے علاقے جیل روڈ گندے نالے سے نا معلوم شخص کی لاش برآمد کرلی گئی۔ریسکیو غوطہ خور ٹیم نے لاش نالے سے نکال کر مردہ خانے منتقل کر دی۔پولیس نے قانونی کارروائی شروع کر دی ۔