اسلام آباد: ترکیہ کے 104ویں یومِ فتح کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے پاک ترک دوستی کے جذبے سے بھرپور خصوصی نغمہ ’’دو دل، ایک جان‘‘ جاری کردیا۔
نغمے میں پاکستانی فنکاروں نے اردو اور ترک زبان میں اپنی آواز کا جادو جگاتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات، مشترکہ ثقافت، روایتی اقدار اور باہمی محبت کی خوبصورت عکاسی کی ہے۔’’دو دل، ایک جان‘‘ کی موسیقی علی مصطفیٰ نے تیار کی جبکہ اس کی کمپوزیشن کامران اللہ خان اور سامعہ گوہر نے ترتیب دی۔ نغمے کو عثمان رئیس اور ڈاکٹر مبشرہ حفیظ نے اپنی آواز سے سجایا ہے۔اس منفرد پیشکش کی خاص بات یہ ہے کہ نغمے میں اردو اور ترک زبان کے امتزاج کے ساتھ شامل تمام گائیک اور فنکار پاکستانی ہیں۔ نغمے کے ذریعے دونوں ممالک کی مشترکہ ثقافت اور اقدار کو نمایاں انداز میں پیش کیا گیا ہے۔نغمے میں رباب، ترکیہ کے روایتی ساز باقلاما اور دربوکا کی دلکش دھنیں بھی شامل کی گئی ہیں، جو پاک ترک دوستی کی خوبصورت موسیقائی تصویر پیش کرتی ہیں۔اردو اور ترک زبان کے حسین امتزاج پر مبنی یہ نغمہ پاکستان اور ترکیہ کی لازوال دوستی، بھائی چارے، باہمی محبت اور مشترکہ اقدار کو بھرپور انداز میں اجاگر کرتا ہے۔