ایران کے خارگ جزیرے پر حملے کے بعد امریکی خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ

ایران کے خارگ جزیرے پر حملے کے بعد امریکی خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ

ایران کے جزیرے خارگ پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کی رپورٹس کے بعد امریکی خام تیل کی مارکیٹ میں بڑی ہلچل دیکھی گئی اور قیمت میں دو فیصد سے زائد اضافہ ہوگیا۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایران کے تیل برآمد کے اہم مرکز جزیرہ خارگ پر حملوں کی خبروں کے بعد امریکی تیل کے مرکزی معاہدے میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکا میں مئی کی ترسیل کے لیے ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت 2.1 فیصد اضافے کے ساتھ 114.71 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ جون کی ترسیل کے معاہدے میں عالمی معیار برینٹ نارتھ سی کروڈ کی قیمت میں 0.4 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 110.22 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دینے کے بعد ملک میں گیس کی قیمت میں 4.10 ڈالر فی گیلن اضافہ ہوا تھا، جو غیر معمولی قرار دیا گیا اور ایران پر حملے کے بعد یہ اضافہ 37 فیصد تک پہنچ گیا۔تیل کی عالمی مارکیٹ میں گزشتہ روز بھی بھونچال دیکھا گیا، جہاں امریکی خام تیل کی قیمت 2.35 فیصد اضافے کے ساتھ 114.16 ڈالر فی بیرل اور برینٹ کروڈ کی قیمت 1.72 فیصد اضافے کے ساتھ 110.91 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔