اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں بلاسود قرضوں کے ہدف میں دوگنا اضافہ

اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں بلاسود قرضوں کے ہدف میں دوگنا اضافہ

پنجاب حکومت نے اپنے اہم پروگرام "اپنی چھت اپنا گھر" کے تحت کم مدت میں 243 ارب روپے سے زائد کے بلاسود قرضے فراہم کیے ہیں، جس سے پروگرام کی کامیابی کا اندازہ ہوتا ہے۔

 اس کے علاوہ، ریکارڈ تعداد میں درخواستوں کے موصول ہونے کے باعث رواں مالی سال میں قرضوں کی فراہمی کے ہدف کو دوگنا کر دیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں کو اپنے خواب کا گھر فراہم کیا جا سکے۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان، چیف ایگزیکٹو آفیسر اربن یونٹ عمر مسعود، اور بینک آف پنجاب سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلاسود قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، اور وزیر ہاؤسنگ نے زیرِ التوا ادائیگیوں کے فوری اجرا کی ہدایت بھی کی۔اس پروگرام کے تحت، اب تک 2 لاکھ سے زائد قرضے منظور کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 1 لاکھ 14 ہزار 237 گھر مکمل ہو چکے ہیں، اور 45 ہزار 254 گھر تعمیراتی مراحل میں ہیں۔

 بلال یاسین نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد مستحق خاندانوں کو باعزت، محفوظ اور اپنی چھت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے شکایات کے فوری ازالے کے لیے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دی اور PITB کو ہدایت کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مؤثر کوآرڈی نیشن یقینی بنائی جائے۔حکومت کی یہ کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ خاندان اپنے خواب کے مکان کا مالک بن سکیں اور اس سلسلے میں کوئی بھی غیر ضروری تاخیر یا رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔