کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی واردات کے دوران موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکو جیولر کے ملازمین سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا اور چاندی لوٹ کر فرار ہوگئے، جبکہ دوسری جانب سیالکوٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چوری شدہ 7 کروڑ روپے مالیت کا سونا برآمد کرکے مالک کے حوالے کردیا۔
کراچی میں جیولر کے ملازمین سے سونا اور چاندی لوٹ لی گئی
تفصیلات کے مطابق کراچی میں طارق روڈ کے قریب اللہ والا چورنگی پر موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے جیولر کے ملازمین کو اس وقت لوٹ لیا جب وہ صدر سے سونا اور چاندی لے کر طارق روڈ پر واقع اپنی دکان کی جانب آرہے تھے۔ابتدائی پولیس تفتیش کے دوران جیولر کی جانب سے بتایا گیا کہ ملازمین کے پاس 82 تولہ سونا اور 4 کلو چاندی موجود تھی، جسے وہ شاپر میں رکھ کر لے جا رہے تھے۔پولیس کے مطابق ملازمین جیسے ہی طارق روڈ پر اللہ والا چورنگی کے قریب پہنچے تو موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح ڈاکوؤں نے ان کا راستہ روک لیا اور اسلحے کے زور پر سونا اور چاندی چھین کر فرار ہوگئے۔واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی جارہی ہیں تاکہ ملزمان کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کیا جاسکے۔
سیالکوٹ پولیس کی کارروائی، 7 کروڑ روپے کا چوری شدہ سونا برآمد
دوسری جانب سیالکوٹ کے علاقے سمبڑیال میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سنار کے گھر سے چوری کیا گیا 2 کلوگرام سے زائد سونا برآمد کرکے مالک کے حوالے کردیا، جس کی مالیت تقریباً 7 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق علی الصبح دو مسلح ملزمان سیڑھی لگا کر سنار کے گھر میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر وہاں موجود ملازم کو یرغمال بنا کر کروڑوں روپے مالیت کا سونا لوٹ کر فرار ہوگئے۔واقعے کے بعد ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع موصول ہوئی تو ڈی پی او دوست محمد نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران کو کارروائی کی ہدایت کردی۔ڈی پی او کی ہدایت پر ڈی ایس پی سمبڑیال اور ایس ایچ او پولیس ٹیموں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے فوری طور پر علاقے کا گھیراؤ کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان تعاقب اور گرفتاری کے خوف سے لوٹا گیا سونا کھیتوں میں پھینک کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران کھیتوں سے 2 کلوگرام سے زائد تمام سونا تلاش کرلیا۔