ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے سلمان علی آغا اور شاہین آفریدی کی چھٹی کا امکان

ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے سلمان علی آغا اور شاہین آفریدی کی چھٹی کا امکان

سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز اور پاکستان، انگلینڈ و سری لنکا پر مشتمل سہ ملکی ون ڈے سیریز کے لیے قومی ٹیموں کا اعلان رواں ہفتے متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں پر ابتدائی مشاورت مکمل کرلی ہے، تاہم حتمی فہرست ایشین گیمز کے سیمی فائنل کے بعد طے کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صاحبزادہ فرحان کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔ اگر انہیں کپتانی سونپی گئی تو سلمان علی آغا کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ نہ ہونے کا امکان ہے۔ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کی شمولیت بھی مشکل دکھائی دے رہی ہے، جبکہ فخر زمان کی واپسی کا امکان ہے۔ سلیکٹرز ایشین گیمز میں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔دوسری جانب ون ڈے ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی اور بابر اعظم کی شمولیت یقینی قرار دی جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق ڈومیسٹک سیزن میں کھلاڑیوں کی مصروفیات اور ایشین گیمز کے باعث وائٹ بال ٹیموں کے لیے الگ کیمپ نہیں لگایا جائے گا۔

 منتخب کھلاڑی براہ راست راولپنڈی کے ٹیم ہوٹل میں رپورٹ کریں گے۔سری لنکن ٹیم 4 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی، جبکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی 9 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹی ٹوئنٹی 11 اکتوبر جبکہ تیسرا میچ 13 اکتوبر کو ہوگا۔ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں سہ ملکی ایک روزہ سیریز میں حصہ لیں گی۔سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔