اسلام آباد: قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ورلڈکپ سے قبل کولمبو میں کپتانوں کی پریس کانفرنس میں اہم نکات پیش کیے۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ بنگلادیشی ٹیم ہمارے بھائی کی طرح ہے اور ہم پاکستان کے لیے ان کی حمایت کے شکر گزار ہیں، تاہم بدقسمتی کی بات ہے کہ وہ اس ورلڈکپ میں حصہ نہیں لے رہے۔بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ حکومت کرے گی اور کھلاڑیوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس فیصلے کا احترام کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ ہوگا یا نہیں، اس کا تعین حکومتی فیصلہ کرے گا، اور ٹیم اسی کے مطابق عمل کرے گی۔اپنی کپتانی کے حوالے سے سلمان علی آغا نے کہا کہ یہ ان کا پہلا ورلڈکپ ہے اور وہ بہت پرجوش ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیم اس دوران بہترین کھیل پیش کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چھ ماہ سے ٹیم اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے اور اس ورلڈکپ میں بھی وہ یہی معیار برقرار رکھیں گے۔سلمان علی آغا نے سری لنکا کو اپنا “دوسرا گھر” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کے لوگ خوش اخلاق اور مہمان نواز ہیں، اور سری لنکا آ کر ہمیشہ اچھا محسوس ہوتا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ ورلڈکپ میں ٹیم ہر میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے کی پوری کوشش کرے گی اور شائقین کو شاندار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔