راولپنڈی: مری اسکول وین حادثے میں جھلس کر زخمی ہونے والی 14 سالہ بچی عائشہ ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی میں دم توڑ گئی۔
حادثے میں زخمی ہونے والے بچوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا تھا، جبکہ ہولی فیملی اسپتال میں زیرِ علاج مزید 3 بچوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔گزشتہ روز مری کے علاقے موہڑہ بڑا ہوتر میں اسکول وین گہری کھائی میں جاگری تھی، جس کے بعد گاڑی میں آگ لگنے سے 11 بچے زخمی اور جھلس گئے تھے۔ حادثے کے بعد 7 بچوں کو سول اسپتال مری جبکہ 4 بچوں کو ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا۔ہولی فیملی اسپتال کی ایمرجنسی میں لائی گئی 14 سالہ عائشہ دختر کلیم کا جسم 45 فیصد جھلس گیا تھا۔ وہ ڈاکٹروں کی بھرپور کوششوں کے باوجود بدھ کو جانبر نہ ہوسکی۔عائشہ کا 11 سالہ بھائی عبداللہ ولد کلیم بھی اسپتال میں زیرِ علاج ہے، جس کا جسم 5 فیصد جھلسا ہے۔ 8 سالہ ارحم ولد علی نواز کا جسم 60 فیصد جبکہ 8 سالہ حسن ولد طالب کا جسم 28 فیصد جھلس چکا ہے۔ایم ایس ہولی فیملی اسپتال ڈاکٹر اعجاز بٹ کے مطابق عائشہ کو بچانے کی ڈاکٹروں نے بھرپور کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی۔