کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں پاور ہاؤس چورنگی کے قریب اسکول وین حادثے کا شکار ہوکر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں تین بچے اور وین ڈرائیور زخمی ہوگئے۔
حادثے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق اسکول وین میں بچے سوار تھے کہ پاور ہاؤس چورنگی کے قریب اچانک حادثہ پیش آگیا اور وین الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں وین میں موجود تین بچے اور ڈرائیور زخمی ہوئے، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔حادثے میں اسکول وین کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔واضح رہے کہ کراچی میں اسکول وین کے حادثات کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ گزشتہ روز جمعرات کو بھی شارع فیصل پر ناتھا خان پل سے پہلے ایک اسکول وین حادثے کا شکار ہوئی تھی، جہاں ایک ریوو ڈالے کی مبینہ غفلت کے باعث متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئی تھیں۔گزشتہ روز پیش آنے والے حادثے میں اسکول وین ڈرائیور کی حاضر دماغی کے باعث وین میں سوار بچے محفوظ رہے تھے۔ وین میں دو سے آٹھ سال تک کی عمر کے بچے اور بچیاں موجود تھیں، جو حادثے کے بعد خوفزدہ ہوکر رونے لگے تھے۔