کیلیفورنیا میں عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کو ریاستی قانون میں باضابطہ شناخت مل گئی

کیلیفورنیا میں عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کو ریاستی قانون میں باضابطہ شناخت مل گئی

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کو ریاستی قانون میں باقاعدہ طور پر تسلیم کرلیا گیا ہے۔

گورنر گیون نیوسم نے اسمبلی بل AB 2017 پر 27 ستمبر 2026 کو دستخط کردیے، جس کے بعد دونوں اسلامی تہوار ریاستی قانون کا حصہ بن گئے ہیں۔نئے قانون کے تحت اہل ریاستی ملازمین اپنی پہلے سے دستیاب چھٹی استعمال کرکے عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ منا سکیں گے۔ اس کے علاوہ مقامی معاہدوں کے تحت سرکاری اسکول اور کمیونٹی کالجز بھی عید کے موقع پر تعطیل کرسکیں گے۔تاہم قانون کا مطلب یہ نہیں کہ ریاست بھر کے تمام سرکاری یا نجی ادارے عیدین کے موقع پر لازماً بند رہیں گے، بلکہ تعطیلات کے عملی انتظامات متعلقہ اداروں، ملازمت اور مقامی قواعد کے مطابق ہوں گے۔بل ریاستی اسمبلی کے رکن میٹ ہینی نے پیش کیا تھا۔ کیلیفورنیا کی مسلم کمیونٹی نے قانون کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے۔کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز کی کیلیفورنیا شاخ کے مطابق ریاست میں 10 لاکھ سے زائد مسلمان آباد ہیں اور عیدین کے موقع پر مذہبی فرائض کی ادائیگی اور اسکول یا ملازمت پر حاضری کے درمیان توازن پیدا کرنا طویل عرصے سے ایک مسئلہ رہا ہے۔قانون کی منظوری کے بعد عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کو کیلیفورنیا میں ریاستی سطح پر باضابطہ شناخت حاصل ہوگئی ہے۔