عیدالاضحیٰ سے قبل پنجاب حکومت متحرک، ستھرا پنجاب مہم کے افسران کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں،عظمیٰ بخاری

عیدالاضحیٰ سے قبل پنجاب حکومت متحرک، ستھرا پنجاب مہم کے افسران کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں،عظمیٰ بخاری

عیدالاضحیٰ کے موقع پر پنجاب حکومت نے صفائی، سکیورٹی اور شہری سہولیات کے لیے خصوصی انتظامات تیز کر دیے ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ “ستھرا پنجاب” مہم کے تحت تمام متعلقہ افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ عید کے دوران صفائی کے انتظامات مؤثر انداز میں جاری رکھے جا سکیں۔انہوں نے بتایا کہ شہریوں میں ایک کروڑ 20 لاکھ ویسٹ بیگز تقسیم کیے جا رہے ہیں تاکہ آلائشوں کو مناسب انداز میں ٹھکانے لگایا جا سکے۔عظمیٰ بخاری کے مطابق عید کے دوران مساجد اور امام بارگاہوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ پردیسیوں کی اپنے آبائی علاقوں کو روانگی کے باعث ٹرانسپورٹ اور سکیورٹی پلان پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں بند کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

دوسری جانب صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عید کے تینوں دن سکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے۔ان کے مطابق صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ کے لیے تقریباً 30 ہزار پوائنٹس پر کام کیا جا رہا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ بھی کیا جائے گا۔بلال یاسین نے بتایا کہ صفائی ورکرز ڈور ٹو ڈور جا کر صفائی مہم کو کامیاب بنائیں گے تاکہ شہریوں کو عید کے دوران صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔