لاہور ہائی کورٹ نے اداکارہ مومنہ اقبال کی بہن رمشا اقبال ایڈووکیٹ کے خلاف مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
جسٹس عبہر گل نے رمشا اقبال ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار اپنے دیگر وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں، تاہم ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور ان کے وکیل عدالت میں پیش نہ ہوسکے، جس پر عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔رمشا اقبال ایڈووکیٹ نے جسٹس آف پیس کی جانب سے اپنے خلاف مقدمہ درج کرنے کے حکم کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ جسٹس آف پیس نے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کی درخواست پر رمشا اقبال کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔لاہور ہائی کورٹ پہلے ہی جسٹس آف پیس کے 30 جون کے اندراج مقدمہ کے حکم کو معطل کرچکی ہے۔ رمشا اقبال نے عدالت سے جسٹس آف پیس کے مقدمہ درج کرنے کے حکم کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کر رکھی ہے۔