بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 4 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 4 دہشتگرد ہلاک

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کارروائیاں کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت ضلع سوراب کے علاقے مال مدرسہ کے قریب کارروائی کی گئی، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا۔ذرائع کے مطابق مال مدرسہ اور بتیگو کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ دوسرا فرار ہوگیا۔ ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی۔دوسری جانب خیبرپختونخوا میں عزم استحکام کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔

ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، جبکہ میر علی اور گردونواح میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔سکیورٹی فورسز نے میر علی بازار کے قریب دہشت گردوں کی جانب سے راشن سے لدے ٹرک کو روکنے کی کوشش بھی ناکام بنا دی۔سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔