کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 12 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
کارروائیاں نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں کی گئیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملک بھر میں جاری انسداد دہشت گردی مہم کے تسلسل میں 20 نومبر سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کا مقصد دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا خاتمہ اور ان کی سرگرمیوں کو روکنا تھا۔آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق 20 نومبر کو ضلع نوشکی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ان کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ اس دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ کارروائی کے بعد ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق 21 نومبر کو ضلع سبی میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی گئی، جس میں مزید 2 دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 22 اور 23 نومبر کو ضلع پنجگور اور کیچ میں بھی سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ آپریشنز کیے۔
کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں مزید 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔اس طرح بلوچستان کے چار مختلف اضلاع میں 20 سے 23 نومبر کے دوران ہونے والے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 12 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ قومی ایکشن پلان کی وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔