ٹھیکیدار سے بھتہ مانگنے والا پولیس کی گرفت میں آ گیا

 ملزم نے مبینہ طور پر دھمکا کر ٹھیکیدار سے 30 ہزار روپے مانگے، ریکارڈ یافتہ نکلا 
 لاہور(کرائم رپورٹر) اکبری گیٹ پولیس نے ٹھیکیدار سے مبینہ طور پر 30 ہزار روپے بھتہ طلب کرنے والے ریکارڈ یافتہ ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم مبشر عرف لاڈا گجر نے مبینہ طور پر ٹھیکیدار کو ڈرا دھمکا کر 30 ہزار روپے کا مطالبہ کیا اور رقم نہ دینے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ اطلاع ملنے پر اکبری گیٹ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزم اقدام قتل، ڈکیتی اور فائرنگ سمیت دیگر سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ بدمعاشی اور بھتہ خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔