صومالیہ میں پاکستانی قیدیوں کو 109 دن گزر گئے، اعلی حکام سے رہائی کی اپیل

 پاکستانی حکومت کی جانب سے تاحال مدد نہیں پہنچی اور نہ ہی قزاقوں سے مذاکرات شروع ہوئے
کراچی(آئی این پی )صومالیہ میں قزاقوں کی جانب سے یرغمال بنائے گئے پاکستانی عملے کی قید کو 109 دن گزر گئے ۔ دل دہلا دینے والی ویڈیو منظر عا م پر آگئی ۔ میڈیارپورٹ کے مطابق صومالیہ میں قید پاکستانی یرغمالیوں کی نئی وڈیو سامنے آگئی جس میں انہوں نے پاکستان کے اعلی حکام سے رہائی کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی اپیل کردی۔ایک سو نو دن گزرنے کے باوجود پاکستانی حکومت کی جانب سے تاحال مدد نہیں پہنچی اور نہ ہی قزاقوں سے مذاکرات شروع ہوئے۔صومالیہ کے سمندر میں یرغمال بنائے گئے بحری جہاز اونر25 کے عملے کو ساڑھے تین ماہ قبل یرغمال بنایا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانیوں کی نئی ویڈیو نے اہل خانہ کے دل دہلا دئیے، یرغمال پاکستانیوں میں سے کئی افراد کی حالت بیماری کے باعث انتہائی خراب ہوگئی، بحری جہاز پر حالات بد سے بدترہوتے جارہے ہیں۔مشکلات میں گھرے پاکستانی یرغمالیوں نے رہائی کیلئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف سے درد مندانہ اپیل کی ہے۔یرغمالیوں کی رہائی کے لئے کوشاں انصار برنی ٹرسٹ اور عملے کے اہل خانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ اس سے پہلے کوئی بری خبر آئے پاکستانیوں کو بحفاظت وطن واپس لایا جائے۔