قومی اسمبلی کی راہداریوں میں ویڈیوز بنانے پر پابندی

 خلاف ورزی پر موبائل فون ضبط، پریس گیلری کارڈ منسوخ اور پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلے پر پابندی ہوگی
    اسلام آباد (یواین پی) قومی اسمبلی کی راہداریوں میں ویڈیوز بنانے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا نے صحافیوں کے نام جاری بیان میں کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے دسویں اجلاس کے دوران یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ بعض صحافی حضرات پارلیمنٹ کی راہداریوں میں اراکین کو روک کر ان کی رضامندی کے بغیر انٹرویو یا ان کے تاثرات ریکارڈ کرتے ہیں اور بعد ازاں ان ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیا جاتا ہے، اس عمل پر اراکین پارلیمنٹ نے شدید تحفظات اور برہمی کا اظہار کیا اور یہ معاملہ سپیکر قومی اسمبلی کے نوٹس میں بھی لایا گیا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے بتایا ہے کہ اس صورتحال کے باعث پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر کسی بھی قسم کی ویڈیو بنانے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے موبائل فون ضبط، ان کے پریس گیلری کارڈ منسوخ اور پارلیمنٹ ہاؤس میں ان کے داخلے پر پابندی لگائی جا سکتی ہے۔بیان میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے تمام پارلیمنٹری رپورٹر سے گزارش کی ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے بچنے کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر کسی بھی قسم کی وڈیو بنانے سے گریز کریں، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ آپ کے اس تعاون پر مشکور ہوگا۔