پاکستان تحریک انصاف کا 4 اکتوبر کو لانگ مارچ کرنے کا فیصلہ برقرار

  سہیل آفریدی نے ارکان اسمبلی کی جانب سے لانگ مارچ ملتوی کرنے کی تجویز  مسترد کردی
 ہماری صفوں میں میر جعفر اور میر صادق بھی ہیں‘ ہم اسلام آباد فتح کرنے نہیں جارہے:سہیل آفریدی
 پشاور(یواین پی)پشاور میں 4 اکتوبر کو لانگ مارچ کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کا وزیراعلیٰ ہاؤس میں پارلیمانی پارٹی کا مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کی، جس میں ارکان صوبائی و قومی اسمبلی، وزرا، مشیر اور دیگر شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق اجلاس آن لائن منعقد ہوا، بعض ارکان اسمبلی نے زوم کے ذریعے شرکت کی، جبکہ پارٹی عہدیدار بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں 4 اکتوبر کو لانگ مارچ شروع کرنے یا ملتوی کرنے پر مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے لانگ مارچ کی تیاریوں میں دلچسپی نہ لینے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا  ہماری صفوں میں میر جعفر اور میر صادق بھی ہیں۔ ہم اسلام آباد فتح کرنے نہیں جارہے وفاقی حکومت ہمارا راستہ روک رہی ہے۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم دو ہاتھ اور دو پاؤں لے کر جائیں گے، غلیلیں اور لاٹھیاں لے کر جانے کے حوالے سے الزامات ہیں۔ 4 اکتوبر کو ہم نے پشاور سے روانہ ہونا ہے۔تحریک انصاف کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں 4 اکتوبر کو لانگ مارچ کا فیصلہ برقرار رکھا گیا، جبکہ ارکان اسمبلی کی جانب سے لانگ مارچ ملتوی کرنے کی تجویز وزیراعلیٰ نے مسترد کردی