گورنرراج یا ایمرجنسی لگائی توبھرپور مزاحمت کریں گے:بیرسٹر گوہر

سہیل آفریدی پر کسی نے عدم اعتماد نہیں کیا‘دہشت گردی کو بنیاد بنا کر گورنر راج نہیں لگ سکتا، گورنر راج کس بنیاد پر لائیں گے سارے اختیارات تو آپ نے پہلے ہی لے لئے 
احتجاج کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ‘پی ٹی آئی پرامن جماعت ہے  ،آئینی اور قانونی حق استعمال کر کے 4 اکتوبر کو لانگ مارچ کریں گے:چیئرمین پی ٹی آئی
راولپنڈی(یواین پی) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے  گورنر راج یا ایمرجنسی لگائی گئی تو ہم بھرپور مزاحمت کریں گے، دہشت گردی کو بنیاد بنا کر گورنر راج نہیں لگ سکتا۔داہگل ناکہ پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ 4 اکتوبر کو مارچ کی کال فی الوقت قائم ہے، آج جوائنٹ اپوزیشن کی صورت میں پی پی رہنماؤں سے ملے اور انھیں اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی، پیپلز پارٹی نے کہا کہ مشاورت کے بعد اے پی سی میں شرکت کے بارے میں آگاہ کریں گے، اے پی سی میں ملک کی مجموعی اور سیاسی صورتحال پر بات ہو گی، اے پی سی میں کے پی میں سیکیورٹی صورتحال اور صوبوں کے معاملے پر بھی بات چیت ہوگی۔انہوں ںے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کی پکڑ دھکڑ سنجیدہ معاملہ ہے، تمام جماعتوں کو متفق ہونا چاہیے کہ آئندہ کا لائحہ عمل کیا ہونا چاہیے،  سب کو کہتا ہوں کہ غیر آئینی اقدامات سے باز رہیں، کے پی میں ہماری حکومت ہے لیکن وفاقی حکومت بھی کچھ نہ کچھ کر رہی ہے، ہمارے وزراء پر فائرنگ کی گئی، دیوار پر لکھا سب کچھ نظر آرہا ہے آئینے کے پیچھے کوئی اور ہے، غیر جمہوری رویے سے غیر جمہوری قوتوں کو اسپیس ملے گا اور وہ مضبوط ہوں گی۔کے پی میں مینڈیٹ عمران خان کا ہے، سہیل آفریدی کو انہوں نے ہی وزیراعلی بنایا ہے، جب تک بانی کی حمایت سہیل آفریدی کو حاصل ہے وہی وزیراعلی رہیں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ نورین نیازی سے منسوب جتنی خبریں آئیں میرے سمیت فیملی نے بھی سب کی تردید کی، مشکل حالات میں سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، عمران خان نے سہیل آفریدی پر ابھی تک عدم اعتماد کا اظہار نہیں کیا، گورنر راج کس بنیاد پر لائیں گے سارے اختیارات تو آپ نے پہلے ہی لے لیے ہیں، آپ ایمرجنسی کس بنیاد پر لگائیں گے؟ ایمرجنسی لگا کر کیا آپ پختون مینڈیٹ پر جھاڑو پھیرنا چاہتے ہیں؟انہوں نے کہا کہ سیاسی کمیٹی کا فیصلہ تھا کہ لانگ مارچ موخر کرنے کا اعلان وزیراعلی کے پی ہی کریں گے