لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں سیلاب زدگان کی مدد کے لیے فلڈ سروے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر (ACs) کو سروے ٹیموں کی معاونت اور مانیٹرنگ کے لیے ہدایات جاری کی ہیں تاکہ تمام متاثرہ علاقوں میں بروقت اور درست ڈیٹا حاصل کیا جا سکے۔پنجاب کے 26 اضلاع میں فلڈ سروے کے لیے مجموعی طور پر 1,629 ٹیمیں متحرک کی گئی ہیں، جو سیلاب متاثرہ علاقوں میں جا کر سروے کا کام کر رہی ہیں۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق چند روز کے اندر ساڑھے 27 ہزار افراد کا ڈیٹا جمع کیا جا چکا ہے جبکہ 48,071 ایکڑ سیلاب متاثرہ اراضی کا سروے مکمل ہو چکا ہے۔فلڈ سروے ٹیموں نے سیلاب سے متاثرہ 8,305 گھروں کا ڈیٹا حاصل کر لیا ہے، اور 1,712 مویشیوں کے ہلاک ہونے کا ریکارڈ بھی جمع کیا گیا ہے۔
قصور میں سیلاب زدگان کے نقصان کا تخمینہ لگانے کے لیے سروے کا آغاز یکم اکتوبر سے کیا جائے گا تاکہ متاثرہ خاندانوں کو ریلیف پیکج اور مالی معاونت فراہم کی جا سکے۔یہ سروے حکومت کو سیلاب زدگان کی درست نشاندہی اور فوری مدد فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگا، جبکہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سروے کی پیش رفت کی نگرانی کر رہے ہیں۔