سیلاب زدگان کی مدد کیلئے ریسکیو و ریلیف آپریشن وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر جاری

سیلاب زدگان کی مدد کیلئے ریسکیو و ریلیف آپریشن وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر جاری

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے میں سیلاب زدگان کے لیے ریسکیو اور ریلیف آپریشن زور و شور سے جاری ہے۔

 صوبائی وزراء، ارکان اسمبلی، کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور دیگر اعلیٰ افسران خود فیلڈ میں موجود ہیں اور آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ریسکیو ٹیم نے دور دراز گاؤں کے ایک متاثرہ خاندان کی بیٹی کے جہیز کو سیلابی پانی سے بچاتے ہوئے محفوظ مقام پر منتقل کر کے اعلیٰ مثال قائم کی۔ جہیز میں چار پائیاں، جستی پیٹی، کپڑے اور برتن شامل تھے، جو ریسکیو ٹیم کی کوششوں سے بحفاظت نکالے گئے۔لاہور اور دیگر سیلاب زدہ علاقوں میں فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن وہیل قائم ہیں، جہاں مریضوں کو گھر بیٹھے علاج اور ادویات کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ بعض مقامات پر طبی عملہ لائف جیکٹ پہن کر بھی کام کر رہا ہے۔

پنجاب پولیس کے جوان بھی ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں اور سیلابی پانی میں گھرے افراد کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات تک پہنچا رہے ہیں۔ بہاولنگر اور دیگر متاثرہ علاقوں میں پولیس افسران اور جوان بوٹس کے ذریعے لوگوں کے انخلا میں معاونت فراہم کر رہے ہیں۔یہ اقدامات وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت اور صوبائی انتظامیہ کی فعال نگرانی میں کیے جا رہے ہیں تاکہ ہر متاثرہ شہری اور ان کے مال مویشی کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔