پنجاب پولیس کی ٹریفک قوانین پر کڑی نظر، بڑے پیمانے پر کارروائیاں

پنجاب پولیس کی ٹریفک قوانین پر کڑی نظر، بڑے پیمانے پر کارروائیاں

پنجاب پولیس نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے گزشتہ 24 گھنٹوں میں بڑے پیمانے پر اقدامات کیے۔

پولیس ترجمان کے مطابق، اس دوران 34 ہزار 342 افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے تاکہ شہریوں کو قانونی طریقے سے ڈرائیونگ کی سہولت مل سکے۔ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف 37 ہزار 789 چالان کیے گئے، جس کے نتیجے میں 2 کروڑ 60 لاکھ روپے جرمانہ وصول ہوا۔اسی دوران، 703 دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے چالان بھی کیے گئے، جن میں سے متعدد گاڑیاں ماحولیاتی آلودگی کے باعث 19 مختلف تھانوں میں بند کی گئیں۔
آئی جی پنجاب کی ہدایات

آئی جی پنجاب نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جائیں تاکہ ٹریفک نظام میں بہتری آئے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے 127 ڈرائیونگ ٹریننگ اسکولز شہریوں کو ڈرائیونگ کی باقاعدہ تربیت فراہم کر رہے ہیں تاکہ محفوظ ڈرائیونگ کلچر فروغ پا سکے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے زور دیا کہ ٹریفک چالانوں کے نادہندگان سے ریکوری کے لیے مؤثر اور مربوط اقدامات کیے جائیں تاکہ قانون کی مکمل عملداری کو یقینی بنایا جا سکے۔