ربادا نے بابر اعظم کو کیریئر کا مشکل ترین بیٹر قرار دے دیا

ربادا نے بابر اعظم کو کیریئر کا مشکل ترین بیٹر قرار دے دیا

ویب ڈیسک: جنوبی افریقا کے مایہ ناز فاسٹ بولر کاگیسو ربادا نے پاکستان کے سابق کپتان اور اسٹار بیٹر بابر اعظم کو اپنے کیریئر کا سب سے مشکل بیٹر قرار دیا ہے۔

ربادا، جنہوں نے اب تک 71 ٹیسٹ، 106 ون ڈے اور 70 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں جنوبی افریقا کی نمائندگی کی ہے، حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں انگلینڈ کے کھلاڑیوں معین علی اور عادل رشید کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے۔ اسی دوران ان سے پوچھا گیا کہ وہ کن بلے بازوں کو اپنے کیریئر میں سب سے زیادہ مشکل حریف سمجھتے ہیں۔اس سوال کے جواب میں ربادا نے سب سے پہلے بابر اعظم کا نام لیا اور کہا:"بابر اعظم ایک چٹان کی طرح ہیں، ان کے خلاف بولنگ کرنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے۔"انہوں نے مزید کہا کہ بابر کے علاوہ بھارت کے ویرات کوہلی، انگلینڈ کے جو روٹ، آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن بھی ایسے بیٹرز ہیں جو کسی بھی بولر کے لیے سخت چیلنج ثابت ہوتے ہیں۔

آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کے بارے میں بات کرتے ہوئے ربادا نے کہا کہ وہ اپنی جارحانہ بیٹنگ اور تیزی سے رنز بنانے کی صلاحیت کی وجہ سے منفرد ہیں۔"وارنر وہ واحد بیٹر ہیں جو میری گیندوں کو باآسانی کھیل لیتے تھے۔ میں نے ہمیشہ سوچا کہ ان کے سامنے بولنگ کرنا واقعی بہت مشکل ہے۔"کاگیسو ربادا کی اس گفتگو نے ایک بار پھر بابر اعظم کی بیٹنگ صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کر دیا ہے، جو انہیں موجودہ دور کے بہترین بلے بازوں میں شامل کرتی ہے۔