قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کو جدید کرکٹ کے عظیم ترین بلے بازوں میں شامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہمیشہ بڑے مقابلوں میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
محمد عامر نے کہا کہ ویرات کوہلی دباؤ والے میچز میں غیر معمولی کھیل پیش کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہیں موجودہ دور کے بہترین بلے بازوں میں شمار کیا جاتا ہے۔انہوں نے سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ اور سابق آل راؤنڈر شین واٹسن کو بھی اپنے سخت ترین حریف قرار دیا، تاہم ان کے مطابق موجودہ کھلاڑیوں میں ویرات کوہلی سب سے نمایاں اور خطرناک بیٹر ہیں۔واضح رہے کہ محمد عامر اور ویرات کوہلی کے درمیان پاکستان اور بھارت کے کئی یادگار مقابلے دیکھنے کو ملے ہیں، جن میں دونوں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔محمد عامر نے 2017 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں ویرات کوہلی کو ابتدائی اوورز میں آؤٹ کیا تھا، جبکہ ویرات کوہلی نے بھی پاکستان کے خلاف متعدد اہم اننگز کھیل کر بھارت کو کئی یادگار فتوحات دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔