پنجاب اور سندھ میں ایچ پی وی ویکسین کی مہم میں توسیع کردی گئی

 ویکسین ابھی اپنی بچیوں کو لگائیں تو 9 سے 14 سال کی بچیوں کو مفت ملے گی
 مہم ختم ہونے کے بعد اس کے پیسے ادا کرنا ہوں گے: وزیر صحت خواجہ عمران نذیر
لاہور ،کراچی(آئی این پی )پنجاب اور سندھ میں ایچ پی وی کے خلاف ویکسین مہم میں تین روز  ہ  توسیع کا علان کردیا گیا  ۔پنجاب کے وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے پیر کو کہا کہ صوبے میں انسانی پیپیلوما وائرس(ایچ پی وی)  ویکسینیشن مہم کو بدھ تک بڑھایا جا رہا ہے تاکہ 100 فیصد ہدف حاصل کیا جاسکے۔ستمبر کے اوائل میں پاکستان نے نوعمر بچیوں کو رحم کے کینسر سے بچانے کے لئے  ایچ پی وی ویکسین کو قومی حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کا حصہ بنایا تھا، تاہم پاکستان میں ویکسین لگوانے سے ہچکچاہٹ اب بھی ایک بڑا عوامی صحت کا مسئلہ ہے، جس کی بڑی وجہ غلط معلومات، حفاظت سے متعلق خدشات اور حکام پر عدم اعتماد ہے۔وزیر صحت پنجاب نے  ایک انٹرویو  میں  کہا کہ پنجاب میں کامیابی کی شرح 72 فیصد رہی ہے، لیکن ہم نے مہم ختم نہیں کی بلکہ اسے مزید 3 دن کے  لئے  بڑھا دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اگر ہم یہ ویکسین ابھی اپنی بچیوں کو لگائیں تو 9 سے 14 سال کی بچیوں کو یہ مفت ملے گی، لیکن مہم ختم ہونے کے بعد اس کے پیسے ادا کرنا ہوں گے اور صرف 9 سال کی بچیوں کو ہی یہ ویکسین مفت دستیاب ہوگی۔دوسری جانب  کراچی سمیت سندھ بھر میں  بھی ایچ پی وی کے خلاف مہم میں تین دن توسیع کا علان کردیا گیا ہے۔ 12 روزہ مہم میں 59 فیصد بچیوں کو ویکسین لگائی گئی ہے جبکہ بقیہ41 فیصد بچیوں کو ویکسین لگانے کے لیئے اسکولوں میں سیشنز کا سلسلہ جاری رہے گا