حکومت میں ہیں لیکن کابینہ کا حصہ ہیں نہ سسٹم کا:شازیہ مری

وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو انہوں نے وعدہ کیا پورا کیا ہے، پریس کانفرنس 
اسلام آباد(آن لائن )رہنما پاکستان پیپلز پارٹی شازیہ مری نے پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایک عرصے سے دریائے سندھ پر نئی نہروں کے منصوبے کی مخالفت کر رہے ہیں ،طاقت کا سر چشمہ صرف عوام ہیں ،بلاول بھٹو بہت عرصے سے نہروں کے مسئلے پر آواز اٹھا رہے ہیں ،ہم حکومت میں تو ہیں لیکن ہم کابینہ کا حصہ نہیں ہیں ،ہم سسٹم کا حصہ نہیں تھے ،ہمیں اس مسئلہ پر بہت اعتراضات تھے ۔ میں شکریہ ادا کرتی ہوں بلاول بھٹو زرداری کا جس طرح انہوں نے اس مسئلہ کا حل نکالا، ہم وزیر اعظم کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جو انہوں نے وعدہ کیا تھا وہ پورا کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے یہاں کسی صوبے کسی بھی صوبے سے لڑائی نہیں ہے۔ یہ مسئلہ جلدی حل ہو جاتا تو اتنی باتیں نہ ہوتیں۔ شازیہ مری نے کہا کہ یہ بہت افسوسناک ہے کہ پاکستان کا اس احتجاج میں بہت نقصان ہوا، احتجاج میں جب انتشار اور نفرت ہوتا ہے تو بہت نقصان ہوتا ہے اس احتجاج میں کچھ لوگ ایسے شامل ہوئے جو صرف کینال کے خلاف نہیں تھے بل کہ اس کا سیاسی مقصد کچھ اور تھا۔