افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کرنے والے مزید 17 خوارج ہلاک، مجموعی تعداد 71 تک پہنچ گئی

افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کرنے والے مزید 17 خوارج ہلاک، مجموعی تعداد 71 تک پہنچ گئی

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے افغانستان کی جانب سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 17 مزید دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق شمالی وزیرستان ضلع (این ڈبلیو ڈی) میں 25 اپریل سے 27 اپریل تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 54 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں کے تسلسل میں 27 اور 28 اپریل کی درمیانی رات حسن خیل، شمالی وزیرستان اور پاکستان-افغانستان سرحد کے قریبی علاقوں میں ایک منظم کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔ اس آپریشن کے دوران مزید 17 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ یہ دہشت گرد غیر ملکی آقاؤں کے اشارے پر سرگرم تھے اور کامیاب کارروائی کے نتیجے میں انہیں ہلاک کیا گیا۔ ہلاک شدگان سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ تین روزہ انسداد دہشت گردی آپریشن میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 71 ہو گئی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز مادرِ وطن کی سرحدوں کے تحفظ اور پاکستان میں امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔