ٹرمپ کی چین سے 10 فیصد ٹیرف کمی اور اگلے سال دورہ کا اعلان

ٹرمپ کی چین سے 10 فیصد ٹیرف کمی اور اگلے سال دورہ کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے بعد چین پر عائد ٹیرف میں 10 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔

ٹرمپ نے بتایا کہ چین پر عائد ٹیرف 57 فیصد سے کم ہو کر 47 فیصد ہو جائے گی، اور یہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔ٹرمپ نے اس ملاقات کو "انتہائی مثبت" قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور چین کے درمیان کئی اہم امور پر اتفاق ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں ممالک نے سویابین کی خریداری دوبارہ شروع کرنے اور نایاب معدنیات کی تجارت میں رکاوٹیں ختم کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

امریکی صدر نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ آئندہ سال اپریل میں چین کا دورہ کریں گے، جس کے بعد صدر شی جن پنگ امریکہ کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور چین مل کر یوکرین کے معاملے پر تعاون کریں گے، تاہم تائیوان کے موضوع پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ٹرمپ نے یہ بھی عندیہ دیا کہ دیگر ممالک کی طرح امریکہ کے لیے بھی نیوکلئیر ہتھیاروں کے تجربات دوبارہ شروع کرنا مناسب ہو سکتا ہے، تاہم اس کے ٹیسٹنگ سائٹس کے بارے میں حتمی فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔