ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدہ نہ ہوا تو بھارتی مصنوعات پر 25 فیصد ٹیرف عائد کر دیا جائے گا۔
تجارتی معاہدے پر سخت مؤقف
سکاٹ لینڈ سے واپسی پر طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ:"بھارت سے تجارتی معاہدہ ابھی طے نہیں پایا، اگر معاہدہ نہ ہوا تو بھارت پر 25 فیصد ٹیرف لگائیں گے۔"
فلسطین اور اسرائیل پر امریکی پالیسی
ٹرمپ نے کہا کہ برطانیہ کے فلسطین کو مشروط طور پر ریاست تسلیم کرنے کے فیصلے پر امریکا نے کوئی تبادلہ خیال نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ "فلسطین کو ریاست تسلیم کرنا حماس کو انعام دینے کے مترادف ہے، امریکا اس کیمپ میں شامل نہیں جو فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے۔"امریکی صدر نے واضح کیا کہ اسرائیل کے ساتھ براہ راست بات کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ خوراک منصفانہ طریقے سے تقسیم ہو اور حماس امداد یا فنڈز کو چوری نہ کرے۔
روس پر پابندیاں اور امن کی ڈیڈ لائن
ٹرمپ نے کہا کہ:"روس نے امن کی نئی ڈیڈ لائن پر کوئی ردعمل نہیں دیا، اس لیے روس کی معیشت کے خلاف نئے محصولات 10 روز میں نافذ ہوں گے۔"
چین کے صدر سے ملاقات کا اعلان
ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ "سال کے اختتام سے قبل چینی صدر سے ملاقات متوقع ہے۔"
پاک-بھارت جنگ بندی پر کردار
امریکی صدر نے ایک بار پھر کہا کہ "ہم نے پاک-بھارت جنگ بندی میں کردار ادا کیا ہے اور اس حوالے سے ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔"