مریم نواز کے احسن فیصلے سے چندہ جمع کرکے تنخواہیں دینے کے تکلیف دہ عمل کا خاتمہ ہوگا
لاہور(خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چودھری شافع حسین نے پنجاب کی 65 ہزار مساجد کے اماموں کو وظائف کی فراہمی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا مساجد کے اماموں کو وظائف کی فراہمی مستحسن فیصلہ ہے،اس فیصلے پر عمل درآمد کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے،مساجد کے اماموں کے معاشی مسائل کم ہوں گے،محلے سے چندہ جمع کرکے تنخواہیں دینے کے تکلیف دہ عمل کا خاتمہ ہوگا اور مساجد کے اماموں کو وظائف کی ادائیگی سے قیام امن کی کاوشوں اور برداشت اور رواداری کے فروغ میں مدد ملے گی۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے جس میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔علماء کرام اسلام کے امن کے پیغام کو بھرپور طریقے سے اجاگر کریں۔مساجد کے اماموں کو معاشرے میں احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔صوبائی وزیراوقاف و مذہبی امور نے کہاکہ امام مسجد کی ضروریات پورا کرنے کیلئے وظیفہ مقرر کرنا حکومت کا شاندار اقدام ہوگا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے معاشرے کے ہر طبقے کی بہتری کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں۔ پنجاب حکومت کے فلاحی پروگراموں اور ترقیاتی منصوبوں سے عوام مستفید ہورہے ہیں ۔