وزیر اعلیٰ نے قائدِ اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں گارمنٹ سٹی بنایا ، اگلے 6 ماہ میں چین کی ٹیکسٹائل انڈسٹری بھی گارمنٹ سٹی میں منتقل ہوگی
لاہور(خصوصی رپورٹر) ایکسپو سینٹر جوہر ٹاؤن میں 3 روزہ 31 ویں ٹیکسٹائل ایشیا انٹرنیشنل ٹریڈ فئیر کاانعقادکیاگیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے نمائش میں شرکت کی اورسٹالز کا معائنہ کیا۔صوبائی وزیر نے نمائش میں رکھی گئی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔نمائش میں 750سٹالزلگائے گئے جہاں تقریباً 2 ہزار برانڈز رکھے گئے ہیں۔نمائش میں چین،ترکیہ،جرمنی ویتنام، اٹلی سمیت 20 ممالک کے مندوبین شریک ہیں،اب تک 60 ہزارسے زائد لوگ نمائش کا وزٹ کرچکے ہیں۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ٹیکسٹائل سیکٹر معیشت کا اہم شعبہ اور 30 فیصد روزگار کی فراہمی کا ذریعہ ہے،قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے اس شعبے کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کر رکھا ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے قائدِ اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں گارمنٹ سٹی بنایا ہے۔ اگلے 6 ماہ میں چین کی ٹیکسٹائل انڈسٹری بھی گارمنٹ سٹی میں منتقل ہوگی۔