وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا آئینی ذمہ داری پوری نہیں کررہے :بیرسٹرعقیل

سہیل آفریدی جیل میں بیٹھے شخص کے عشق میں مبتلا ہیں، صرف بانی  کا قانون مانتے ہیں 
عوام کے فلاح وبہبود پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے،آئین اور قانون کی پابندی ہم سب پر لازم ہے
 اسلام آباد (آئی این پی )وزیر مملکت برائے قانون وانصاف بیرسٹر عقیل نے کہا ہے  وزیراعلی خیبرپختونخوا  اپنے حلف کی خلاف ورزی کررہے ہیں، سہیل آفریدی نے ہٹ دھرمی کی مثال قائم کی، وزیراعلیٰ کے پی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کررہے ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سہیل آفریدی صرف بانی پی ٹی آئی کا قانون مانتے ہیں ،سہیل آفریدی کو عوام کے فلاح وبہبود پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے ،سہیل آفریدی جیل میں بیٹھے شخص کے عشق میں مبتلا ہیں ۔ بیرسٹر عقیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عدالتی فیصلوں کی وجہ سے جیل میں قید ہیں ، بانی پی ٹی آئی بہت سے مقدمات میں مجرم اور سزا یافتہ ہیں، بانی پی ٹی آئی کو آئین وقانون پر عمل کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اڈیالہ سے صادر احکامات پر کمیٹیوں سے استعفے دیئے گئے ،آئین سزا یافتہ مجرم کو حکومتی امور میں مداخلت کی اجازات نہیں دیتا، سزا یافتہ شخص کے مشوروں پر عمل کرنا آئین کے منافی نہیں ؟وزیراعلیٰ کے پی کی طرف سے کابینہ تشکیل نہ کرنا آئین کے منافی ہے،آئین اور قانون کی پابندی ہم سب پر لازم ہے۔