27 ویں ترمیم پر کام شروع نہیں ہوا، جب آئے گی تو ڈنکے کی چوٹ پرآئے گی، بیرسٹرعقیل

27ویں ترمیم لائیں گے، یہ ہمارا استحقاق ہے، اپوزیشن سے اتفاق رائے نہیں ہوتا تو بھی ہمارے پاس نمبرز موجود ہیں
 قومی اسمبلی میں نئے قائد حزب اختلاف کا تقرر ہونے کے بعد نئے چیف الیکشن کمشنر آجائیں گے، وزیر مملکت کا بیان
اسلام آباد (آئی این پی )وزیر مملکت قانون و انصاف بیرسٹر عقیل نے کہا ہے کہ ابھی 27 ویں ترمیم پر کام شروع نہیں ہوا، 27ویں ترمیم جب بھی آئے گی تو ڈنکے کی چوٹ پرآئے گی، 27ویں ترمیم لائیں گے اور یہ ہمارا استحقاق ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیر کے روز سینیٹ اور قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں ہو رہا، 26ویں ترمیم اسی پارلیمنٹ نے کی، 27ویں بھی یہی کرے گی، اس معاملے پر سیاسی جماعتوں کو اتفاق کرنا چاہیئے کیوں کہ لوکل گورنمنٹ سٹرکچر کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، 140 اے میں بہتری کی ضرورت ہے۔ انکا کہنا تھاکہ 27ویں ترمیم کیلئے ہمارے پاس نمبرز موجود ہیں، اپوزیشن سے اتفاق رائے نہیں ہوتا تو ہمارے پاس دوتہائی اکثریت موجود ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ آئینی ترمیم پر تمام جماعتیں متفق ہوں، 26ویں ترمیم پر پی ٹی آئی بھی متفق تھی، قومی اسمبلی میں نئے قائد حزب اختلاف کا تقرر ہونے کے بعد نئے چیف الیکشن کمشنر آجائیں گے۔