احتجاجی پلان مبہم اور بار بارقرار، عوامی حمایت اور سیاسی سمت دونوں کا فقدان ہے،وزیرمملکت کاانٹرویو
اسلام آباد(آئی این پی )وزیر مملکت قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے پی ٹی آئی کے احتجاجی پلان کو مسترد کرتے ہوئے اسے مبہم اور بار بارقرار دیا، جس میں عوامی حمایت اور سیاسی سمت دونوں کا فقدان ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج کوئی حقیقی سیاسی تحریک نہیں ہے بل کہ "تاریخ کے بعد تاریخ" کا ایک چکر ہے،انہیں اب عوام کی بھی حمایت حاصل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کا کوئی ماحول نہیں ہے، پارٹی ابہام کا شکار ہے اور لوگ ان کی منفی سیاست سے تنگ آچکے ہیں۔بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ پرامن احتجاج ہرسیاسی جماعت کاجمہوری حق ہے لیکن کسی کو بھی قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کوئی غیر قانونی سرگرمی ہوئی تو حکومت پوری طاقت سے جواب دے گی۔