پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کرکٹ بورڈ کے ہیڈ مبشر عثمانی سے اہم ملاقات کی، جس میں چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے فروغ کے لیے ممکنہ اقدامات اور تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔محسن نقوی نے زور دیا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے لیے مکمل تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سکیورٹی اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے پاکستان کو ایک پرامن ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کے عوام کرکٹ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور ہر ٹیم کو دل سے خوش آمدید کہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد پاکستان کے لیے نہ صرف اعزاز ہے بلکہ عالمی سطح پر ملک کی مثبت تصویر پیش کرنے کا موقع بھی ہے۔ اس ملاقات میں پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد اور ایڈوائزر سلمان نصیر بھی موجود تھے، جنہوں نے پاکستان میں کرکٹ کی ترقی اور عالمی ایونٹس کے انعقاد پر روشنی ڈالی۔یہ ملاقات پاکستان میں کرکٹ کے بین الاقوامی مستقبل اور چیمپئنز ٹرافی کی کامیابی کے حوالے سے اہم قرار دی جا رہی ہے۔