برازیلین ماڈل لوسیانا کرٹس کو ان کے شوہر اور 11 سالہ بچے کے ہمراہ 27 نومبر کو ساؤ پاؤلو میں گن پوائنٹ پر اغوا کر لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، یہ واقعہ ایک ریسٹورنٹ سے نکلتے ہوئے پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے لوسیانا اور ان کے اہلِ خانہ کو زبردستی اپنی گاڑی میں بٹھایا اور ایک جھونپڑی میں قید کر لیا۔
اغواکاروں نے ماڈل اور ان کے شوہر کو بینک اکاؤنٹس سے رقم منتقل کرنے پر مجبور کیا۔ تاہم، پولیس کے سرچ آپریشن کی اطلاع ملنے پر اغواکاروں نے لوسیانا اور ان کے خاندان کو آزاد کر دیا۔ رہائی کے بعد، لوسیانا نے اپنے شوہر اور بچے کے ہمراہ قریبی پولیس اسٹیشن پہنچ کر اپنے بیانات ریکارڈ کرائے، اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔لوسیانا کی بڑی بیٹی نے اپنے والدین کی گمشدگی کے بارے میں چچا کو آگاہ کیا، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی اور پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران ملزمان فرار ہوگئے۔لوسیانا کرٹس کی ترجمان نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ماڈل اور ان کے شوہر اب محفوظ ہیں۔ یاد رہے کہ 47 سالہ لوسیانا برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں پیدا ہوئیں اور کام کے سلسلے میں نیویارک، لندن، اور ساؤ پاؤلو میں وقت گزارتی ہیں۔