وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ملک میں انتشار اور تشدد کی سیاست کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور 7 ماہ میں کئی غیر ملکی وفود نے پاکستان کا دورہ کیا۔وزیر اطلاعات نے پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں کی بحالی اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کی بڑھوتری کو بھی خوش آئند قرار دیا۔تحریک انصاف کے احتجاج اور اس کے بعد کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے، عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما لاشوں کی سیاست کر رہے ہیں اور جھوٹا پروپیگنڈا پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بلیو ایریا کی ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں سڑک کو خون آلود دکھایا گیا تھا، لیکن جب وہ خود اس سڑک پر گئے تو وہاں کوئی خون کا دھبہ نہیں تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے مظاہرین کی ہلاکتوں کے حوالے سے متضاد دعوے کیے، تاہم پمز اور پولی کلینک ہسپتالوں نے کہا کہ ان کے پاس کوئی لاشیں نہیں لائی گئیں۔