یوکرین کو جوہری ہتھیار دیے گئے تو تمام ترفوجی وسائل استعمال کرینگے:پیوٹن

جس ملک کیساتھ ہم جنگ میں ہیں اگر وہ جوہری طاقت بن جاتا ہے تو ہم مناسب جواب دیں گے،روسی صدر
ماسکو(آئی این پی )روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے دھمکی دی ہے کہ یوکرین کو جوہری ہتھیار دئیے گئے تو تمام تر فوجی وسائل استعمال کریں گے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق اپنے ایک بیان میں روسی صدر نے کہا ہے کہ یوکرین کے ہر اقدام کو مانیٹر کریں گے، جارحیت کے ہر قدم کا جواب دینے کے لیے روس تیار ہے، جیسا کہ میں نے بارہا کہا ہے کہ ہمیشہ ہماری طرف سے جواب آئے گا۔جس ملک کے ساتھ ہم جنگ میں ہیں اگر وہ جوہری طاقت بن جاتا ہے تو ہم اس صورت میں اپنے تمام تر فوجی وسائل استعمال کریں گے ۔ پیوٹن کا کہنا تھا کہ اگر سرکاری طور پر کوئی کسی چیز کو منتقل کرتا ہے تو اس کا مطلب ان تمام عدم پھیلائو کے وعدوں کی خلاف ورزی ہو گی جو انہوں نے کیے ہیں۔روسی صدر نے مزید کہا کہ یوکرین کے لیے جوہری ہتھیار بنانا عملی طور پر ناممکن ہے لیکن یہ ممکن ہے کہ وہ کسی قسم کا ڈرٹی بم بنا سکے جو ایک روایتی بم ہے جو تابکار مواد سے لیس ہے، اگر ایسا ہوا تو روس مناسب جواب دے گا۔