چین اور پاکستان کی دوستی دنیا میں منفرد مقام رکھتی ہے،پاکستان اور چین ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، حکومت دونوں ممالک کی دوستی کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی خواہاں ہے: چینی گارمنٹس گروپ چیلنج فیشن کے وفد سے گفتگو
پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ رابطے بڑھانے کا خواہاں ہے‘ سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے: ہائی کمشنر سے ملاقات میں گفتگو، مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘آئی این پی)خیبرپختونخوا میں بارش اور سیلاب سے ہونے والی تباہی کے پیش نظر وزیراعظم ہاؤس میں خصوصی سیل قائم کردیا گیا جو این ڈی ایم اے سے 24 گھنٹے رابطے میں ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کے پی اور آزاد کشمیر سمیت بارش سے متاثرہ علاقوں میں فوری اور بھرپور امدادی کارروائی کی ہدایت کردی ہے انہوں نے کہا امدادی سرگرمیوں میں تمام وسائل استعمال کئے جائیں۔وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ نے بتایا وزیراعظم شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو آزاد جموں و کشمیر اور خیبر پختونخوا میں سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں بھرپور امدادی کارروائیاں کرنے کی ہدایت کی ہے۔دریں اثناء وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے چین اور پاکستان کی دوستی دنیا میں منفرد مقام رکھتی ہے۔شہباز شریف سے چینی گارمنٹس گروپ چیلنج فیشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، حکومت دونوں ممالک کی دوستی کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات میں اضافہ باعث اطمینان ہے، خواہش ہے کہ چینی صنعتیں پاکستان میں اپنے یونٹس لگائیں، چیلنج فیشن گروپ کے پاکستانی مارکیٹ پر اعتماد کو سراہتے ہیں، چیلنج گروپ کی جانب سے خصوصی اقتصادی زون کا خیر مقدم کرتے ہیں۔وزیر اعظم نے اقتصادی زون سے متعلق چیلنج گروپ کو سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم چین پاکستان اقتصادی راہداری کے صنعتی حصے کے فروغ کیلئے پر عزم ہیں، پاکستان شعبہ ٹیکسٹائل میں چین کی ترقی اور مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، جلد ہی چین اور پاکستان کی بزنس ٹو بزنس کانفرنس منعقد کی جائے گی۔علاوہ ازیں وزیر اعظم سے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے ملاقات کی ہے، جس میں دونوں ملکوں کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔شہباز شریف نے کہا پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ تجارت اور عوام کے درمیان روابط کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔ ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ۔شہباز شریف نے دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے اس رفتار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بنگلا دیش کے ساتھ تجارت اور عوام کے درمیان روابط کو بڑھانے کا خواہاں ہے