غیر ملکی شہریوں کی پاکستانی سیاسی احتجاج میں شرکت غیر قانونی ہے(دفترخارجہ)

اسلام آباد میں احتجاج سے افغان شہریوں کو گرفتار کیا گیا، تفصیلات جاری کی جائیں گی‘ تمام غیرملکیوں کو کہیں گے  پاکستان کے سیاسی معاملات سے دور رہیں‘حکومت پاکستان اور کالعدم تحریک طالبان کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے

 پاکستانیوں پر متحدہ عرب امارات کے سفر کی کوئی ممانعت نہیں‘لبنان میں جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم،فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم کی شدید   مذمت کرتے ہیں،  غزہ  میںغیر مشروط جنگ بندی  کی جائے:ترجمان کی ہفتہ وار بریفنگ
ا سلام آباد (آئی این پی )دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے خبردار کیا ہے  وزارت داخلہ نے احتجاج سے افغان شہریوں کو گرفتار کیا ہے، تمام غیرملکی کو کہیں گے کہ پاکستان کے سیاسی معاملات سے دور رہیں،حکومت پاکستان اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، پاکستانیوں پر متحدہ عرب امارات کے سفر کی کوئی ممانعت نہیں،  لبنان میں جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم،فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم کی شدید   مذمت کرتے ہیں،  غزہ غیر مشروط جنگ بندی  کی جائے، مقبوضہ کشمیر   میں  بھارتی فوج کے کیمپ میں 4 کشمیری شہریوں کو دوران حراست بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے  واقعے کے ذمے داروں کو قرار واقعی سزا د ی جائے ۔ان خیالات کا اظہار ترجمان دفتر خارجہ نے   ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران  کیا ۔ ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہاکہ محکمہ داخلہ نے اسلام آباد میں احتجاج سے افغان شہریوں کو گرفتارکیا ہے، گرفتار افغان شہریوں کی تفصیلات وزارت داخلہ جاری کرے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ غیر ملکی شہریوں کی پاکستانی سیاسی احتجاجات میں شرکت مکمل غیر قانونی ہے،تمام غیر ملکیوں سے کہیں گے کہ پاکستان کے سیاست معاملات سے دور رہیں۔ترجمان نے بتایا کہ بیلاروس کے صدر نے وزیر اعظم کی دعوت پر دورہ کیا جس میں دوطرفہ تعلقات پر بات چیت ہوئی، فریقین نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بات چیت کی، اس موقع پر متعدد معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط بھی ہوئے۔ ترجمان نے بتایا کہ بیلاروسی وفد کے دورے میں 2025-2027 کی مدت کے لیے جامع تعاون کے روڈ میپ پر بھی دستخط کیے گئے۔ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق اس وقت روس کے سرکاری دورے پر ہیں، ایاز صادق وہاں پر دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے جبکہ پارلیمانی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایم او یو پر دستخط بھی کیا جائے گا۔