غزہ کی غیر قانونی ناکہ بندی فوری ختم‘فوٹیلا کے تمام کارکن رہا کئے جائیں دفترخارجہ

 اسرائیل کی یہ کارروائی بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق اور عالمی ضمیر کی کھلی خلاف ورزی ہے، جس کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں
 اقوام متحدہ اور عالمی برادری  اسرائیل کو اس کے بار بار کئے جانے والے غیر قانونی اقدامات پر جوابدہ ٹھہرائے:ترجمان کا بیان
اسلام آباد ( آن لائن) پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے  گلوبل صمود فلوٹیلا کو روکنے اور اس میں شریک انسانی حقوق کے کارکنان کی گرفتاری کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی یہ کارروائی بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق اور عالمی ضمیر کی کھلی خلاف ورزی ہے، جس کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق  گلوبل صمود فلوٹیلا  میں 40 سے زائد سول جہاز اور 500 بین الاقوامی کارکنان شامل تھے، جو محصور غزہ کے مظلوم عوام کے لیے انسانی امداد لے کر جا رہے تھے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فلوٹیلا پر سوار افراد کی گرفتاری، اور امداد کو زبردستی روکنا اسرائیل کی بطور قابض قوت اپنی قانونی و اخلاقی ذمہ داریوں سے کھلی روگردانی ہے۔ترجمان نے واضح کیا  کہ  اسرائیلی کارروائی نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ بے گناہ شہریوں کی زندگیاں بھی خطرے میں ڈال رہی ہے۔