وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں پاکستان کرپٹو کونسل کا اجلاس 2 جون کو طلب

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں پاکستان کرپٹو کونسل کا اجلاس 2 جون کو طلب

پاکستان کرپٹو کونسل کا اجلاس 2 جون کو طلب کر لیا گیا ہے، جس کی صدارت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کریں گے۔

 اجلاس میں معاون خصوصی برائے کرپٹو اور بلاک چین بلال بن ثاقب تفصیلی بریفنگ دیں گے، جس میں کرپٹو کرنسیز، بلاک چین ٹیکنالوجی، اور ورچوئل اثاثہ جات کے حوالے سے موجودہ صورتحال اور آئندہ حکمت عملی پر بات چیت ہوگی۔اجلاس کا اہم ایجنڈا پاکستان ورچوئل اثاثہ جات اتھارٹی کے قیام پر غور و خوض کرنا ہے، جو ملک میں ڈیجیٹل اور ورچوئل اثاثہ جات کے نظم و نسق کے لیے ذمہ دار ہوگی۔ اس کے علاوہ، کرپٹو کرنسیز اور ڈیجیٹل اثاثہ جات کے فریم ورک پر بھی تفصیلی بحث ہوگی تاکہ قانونی، مالی اور سیکیورٹی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک مضبوط اور جامع حکومتی پالیسی مرتب کی جا سکے۔

اجلاس میں مختلف متعلقہ حکومتی اداروں، ماہرین اور اسٹیک ہولڈرز کو بھی مدعو کیا جائے گا تاکہ کرپٹو انڈسٹری کے لیے بہتر قانون سازی اور ریگولیشن کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس سے پاکستان میں کرپٹو کرنسیز کی قانونی حیثیت واضح ہوگی اور ڈیجیٹل اثاثہ جات کی تجارت و استعمال میں شفافیت اور حفاظت کو فروغ ملے گا۔یہ اجلاس پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے اور کرپٹو کرنسیز کے حوالے سے بین الاقوامی رجحانات سے ہم آہنگی پیدا کرنے میں ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔