آغاز نئے مالی سال پر ، کچی گلیوں کی پختہ تعمیر ، رابطہ سڑکیں ،سیوریج نظام بھی شامل
اگلے مرحلے میں مزید 110 شہروں کو پروگرام میں شامل کیا جائے گا:وزیر بلدیات
لاہور (خصوصی رپورٹ ) پنجاب کے 66 شہروں میں نئے مالی سال پر ترقیاتی سکیمیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ویڈیو لنک اجلاس کے دوران چیف منسٹر سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئیں۔ وزیر بلدیات نے ہدایت کی متعلقہ ڈپٹی کمشنرز لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے ماڈل کو سامنے رکھ کر چلیں۔ انہوں نے واضح کیا سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کیلئے تکنیکی ماہرین کے سوا اضافی بھرتی نہیں ہوگی اور دستیاب انسانی وسائل کو ہی بروئے کار لایا جائے گا۔ محکمہ بلدیات پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے اشتراک سے یہ میگا پراجیکٹ مکمل کرے گا۔ اگلے مرحلے میں مزید 110 شہروں کو پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ ہر شہر میں کچی گلیوں کی سو فیصد پختہ تعمیر یا مرمت ہوگی۔ رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے ساتھ سیوریج کا جامع نظام لایا جائے گا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ متعلقہ میونسپل اداروں کو پی سی ون کی نقول بھجوا دی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنرز پی سی ون پر تجاویز دے کر جولائی سے ٹینڈرنگ کا آغاز کریں۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے بریفنگ دی۔