سیالکوٹ : بھارتی آبی جارحیت ،بگلیہا ڈیم پر دریائے چناب کا 45 ہزار کیوسک پانی روک لیا۔دریائے چناب ،دریائے توی، دریائے جموی توی کے سنگم ہیڈ مرالہ کے مقام پرجمعرات کے روز پانی کی سطح میں کمی ریکارڈکی جارہی ہے اور پانی کی آمدایک لاکھ 15 ہزار 59 کیوسک سے کم ہوکر 68 ہزار 268 کیوسک ریکارڈ کی جارہی ہے۔ ہیڈ مرالہ اتھارٹی کے مطابق جمعرات کو دوپہر کے وقت ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی سطح ایک لاکھ 15 ہزار 59 کیوسک ریکارڈ کی جارہی تھی جس میں مسلسل کمی کی جارہی ہے جو کم ہو کرشام کے وقت 68 ہزار268 کیوسک تک رہ گئی ہے اور پانی کی آمد میں مسلسل کمی ہورہی ہے۔ ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب سے نکلنے والی نہر اپر چناب کو 9900 کیوسک اور نہر مرالہ راوی لنک کو 17 ہزار 703 کیوسک پانی فراہم کیا جارہاہے جبکہ ہیڈ خانکی کے لئے 40 ہزار 665 کیوسک پانی چھوڑا جارہا ہے۔