بھارت نے چناب کا 17 ہزار کیوسک پانی روک لیا

نہر اپر چنا ب اور مرالہ راوی لنک کو پانی فراہمی کم ،ہیڈ مرالہ کے 40سپل ویز بند
انڈیا ڈیموں میں ذخیرہ کرکے بغیر وارننگ کئی لاکھ کیوسک پانی چناب میں چھوڑ سکتا 
سیالکوٹ (خصوصی رپورٹ )بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہد یکی خلاف ورزی، دریائے چنا ب کا 17 ہزار کیوسک پانی بگلہار اور سلاسل ڈیم پر روک لیا۔ نہر اپر چنا ب اور نہر مرالہ راوی لنک کو پانی کی فراہمی کئی ہزار کیوسک کم ہوگئی۔ پاک بھارت سندھ طاس معاہدہ کے تحت بھارت 15 جون سے 15اکتوبر تک دریائے چناب میں 55 ہزار کیوسک پانی چھوڑنے کا پابند ہے تاہم جمعہ کے روز دریائے چناب میں پانی کی آمد 73 ہزار کیوسک سے کم ہوکر 37 ہزار 240 کیوسک ہوگئی۔ ہیڈ مرالہ اتھارٹی کے مطابق پانی میں کمی کے باعث نہر اپر چناب کو 16 ہزار کیوسک سے کم کرکے 12 ہزا ر 800کیوسک پانی فراہم کیا جارہاہے جبکہ نہر مرالہ راوی لنک کو 20 ہزار کیوسک سے کم کرکے 6000 ہزار کیوسک پانی فراہم کیا جارہاہے۔حکام کا کہنا ہے کہ پانی کی کمی کے باعث ہیڈ مرالہ ورکس کے 66 میں سے 40 سپل وے بند کردئیے گئے ہیں۔حکام کی طرف سے خدشہ ظاہر کیا جارہاہے کہ بھارتی حکومت بگلہار ڈیم اور سلال ڈیم میں چناب کا پانی ذخیرہ کرنے کے بعد پیشگی وارننگ دئیے بغیر کئی لاکھ کیوسک پانی کسی بھی وقت دریائے چناب میں چھو ڑ سکتا ہے جس سے دریا میں طغیانی برپا ہوسکتی ہے۔