(غریب کا بچہ ہفتے میں ایک دن بھی چکن نہ کھائے‘یہ برداشت نہیں)روٹی سستی کر کے قیمت کم ترین سطح پر لائیں گے مریم نواز

وزیراعلیٰ کا سٹیٹ آف دی آرٹ ’’نوازشریف سینٹر آف ایکسی لینس فارارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن میں بیل بجا کر انرولمنٹ مہم کا آغاز‘آفیشل یونیفارم کی رونمائی،بہترین انتظامات 
صوبائی وزیر تعلیم کا  بیٹا محمد یوسف سینٹرفار ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن میں سب سے پہلے داخلہ لینے والوں میں شامل‘وزیراعلی کی بچوں اور ان کے والدین سے بات چیت، والدین اور بچوں کے ساتھ بیٹھ کر تصاویر بنوائیں

لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے آٹے کے نئے نرخ کے مطابق روٹی کی قیمت مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے پنجاب بھر میں آٹا سستا ہونے پر روٹی کے نرخ میں کمی لانے کی ہدایت کر دی‘انہوں نے کہا روٹی کے نرخ تاریخ کی کم ترین سطح پر لايئیں گے۔اپنے بیان میں انہوں نے پرائس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو روٹی کا ریٹ کم کرنے کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا، چکن، سبزیوں اور دالوں کے نرخ کی بھی کڑی مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی۔مریم نواز شریف نے کہا کہ غریب کا بچہ ہفتے میں ایک دن سستا چکن کھا لیتا تھا، چکن مہنگا ہوا تو غریب ہفتے میں ایک دن بھی نہیں کھا سکے گا، مجھے یہ ہرگز برداشت نہیں، روٹی کے نرخ تاریخ کی کم ترین سطح پر لائیں گے۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ آٹے کے نرخ میں کمی کا فائدہ براہ راست غریب عوام کو پہنچنا چاہیے، آٹے کے نرخ میں کمی کے تناسب سے روٹی کا نیا ریٹ مقرر کیا جائے گا۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کے پہلے سٹیٹ آف آرٹ ’’نواز شریف سینٹر آف ایکسی لینس فار ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن‘‘ میں انرولمنٹ مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ سینٹر میں تمام نجی اداروں سے بہترین انتظامات ، کلرفل کلاس روم، شاندار ماحول اور جدید طریقہ تعلیم متعارف کرایا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پری سکول بیل بجا کر سینٹر ایکسی لینس فار’’ ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن‘‘کا باقاعدہ آغاز کیا ۔ انرولمنٹ مہم میںصوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کمسن بیٹا محمد یوسف سینٹرفار ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن میں سب سے پہلے داخلہ لینے والوں میں شامل ہیں۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اپنے بچے کو سرکاری سکول میں داخل کرانے والے پہلے صوبائی وزیر بن گئے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے نوازشریف سینٹر آف ایکسی لینس فار ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن کی آفیشل یونیفارم کی رونمائی بھی کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے نواز شریف سینٹر آف ایکسی لینس فار ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن کا دورہ کیا اور کمسن بچوں اور ان کے والدین سے بات چیت کی۔ والدین نے ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن سینٹر بنانے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو سراہا اور کہا کہ ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن سینٹر جیسا ادارہ پاکستان میں نہیں، جہاں چھوٹے بچوں کو فری تعلیم ملے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے والدین اور بچوں کے ساتھ بیٹھ کر تصاویر بنوائی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ہر کلاس روم اور آرٹ اینڈ ڈرائینگ روم کا معائنہ کیا ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے جم اور سوئمنگ پول کا بھی جائزہ لیا اور جم اور سوئمنگ پول کے ٹرینرز کو بچوں کی سیفٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ہر کلاس روم میںجاکر بچوں کو تحائف پیش کیے۔ ننھی بچی نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سے دو گفٹ لیے اور کہا کہ ’’ایک میرے لیے اور ایک میرے بھائی کے لئے؟‘‘ ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بچوں کے ساتھ ملکر ٹریفک سگنل سائن کا سانگ بھی گایا اور کلاس روم میں جاکر بچوں کے ساتھ قالین پر بیٹھ گئیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کمسن بچے سے اظہار شفقت کرتے ہوئے کہا کہ ’’کتنے کیوٹ لگ رہے ہیں‘‘۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بچوں سے ان کے نام اور عمر بھی دریافت کی۔ننھے مصطفی نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سے گپ شپ کرتے ہوئے پوچھا کہ ’’کھانے میں کیا پسند ہے؟‘‘ ننھے نے کہا’’سالن اور دہی ‘‘ ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ننھے بچے سے مکالمہ کیا کہ ’’عینک سر پر کیوں پہنی ہے،آنکھوں پر لگائیں‘‘۔ننھے بچے نے اپنا نام لکھ کر دکھایا تو وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اسے شاباش دی اور پیار کیا۔ آپ وہی ہیں جن کی بڑی بڑی تصویر یں لگی ہیں،ننھی طالبہ نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو پہچان کر مسرت کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بچوں کے لئے واش روم کا جائزہ لیا، صفائی برقرار رکھنے کا حکم دیا۔